اورکزئی آپریشن: دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی جوابی کارروائی، 30 بھارتی سرپرست خوارج ہلاک
اورکزئی میں دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج کی جانب سے انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی جوابی آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، حالیہ کارروائی اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں کی گئی، جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 30 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ کامیاب آپریشن دہشت گردوں کے حالیہ حملے کا مؤثر جواب ہے، جس میں دہشت گردوں کے مرکزی سہولت کاروں کو بھی انجام تک پہنچایا گیا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اورکزئی میں ہونے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت اور دیگر 9 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا، جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 19 خوارج مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے پر کی گئی، جہاں دشمن عناصر کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی سے ان کے کئی مراکز تباہ کر دیے گئے۔