چین کی پاکستان اور افغانستان سے جھڑپوں پر تشویش، تحمل اور بات چیت کے ذریعے حل پر زور
بیجنگ نے پیر کے روز پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنائیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، ہفتے کی شب سرحدی علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں جنگجو ہلاک ہوئے، جن کی تصدیق دونوں ممالک نے اتوار کو کی۔ یہ واقعہ طالبان کے کابل میں اقتدار سنبھالنے کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سب سے شدید لڑائی قرار دی جا رہی ہے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ "چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ بیجنگ کو امید ہے کہ کابل اور اسلام آباد تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں گے اور بات چیت و مشاورت کے ذریعے باہمی تحفظات کو حل کریں گے تاکہ تنازع میں اضافہ نہ ہو۔
واضح رہے کہ اگست میں چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کابل میں پاکستانی اور افغان ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کی تھی، جس میں تینوں ممالک نے ہر سطح پر روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ اس سے قبل بیجنگ کی میزبانی میں ہونے والی سہ فریقی ملاقات میں بھی چین نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔