امریکہ میں پاکستان کی نئی سفارتکاری: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے ملاقات
واشنگٹن کے وائٹ ہاؤس میں جمعرات کی شب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خوشگوار ماحول، اعتماد بھری مسکراہٹوں اور ایک دوسرے کے لیے تعریفی جملوں کا تبادلہ دیکھنے کو ملا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ جہاں عام طور پر انگریزی میں ’’ایف ایم‘‘ کا مطلب وزیرِ خارجہ ہوتا ہے، وہیں اس موقع پر ’’ایف ایم‘‘ سے مراد پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر تھے، جو وزیراعظم کے ہمراہ وائٹ ہاؤس پہنچے۔
کچھ سال قبل تک صدر ٹرمپ پاکستان پر ’’دہشتگردوں کو پناہ دینے‘‘ کا الزام عائد کرتے رہے تھے اور اپنے پہلے دورِ صدارت میں انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کو ’’دوست‘‘ قرار دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں تناؤ دیکھنے میں آیا اور صدر جو بائیڈن کے دور میں کسی بھی پاکستانی رہنما سے وائٹ ہاؤس ملاقات نہیں ہوئی۔
اب حالات بدلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں ملاقات سے قبل ہی صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ’’عظیم رہنما‘‘ اور ’’بہترین شخصیات‘‘ قرار دیا۔ یہ شہباز شریف اور ٹرمپ کی پہلی براہِ راست ملاقات تھی، تاہم ٹرمپ رواں برس جون میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کر چکے ہیں۔
.jpg)
.jpg)