ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ اس سے قبل گروپ اسٹیج میں بھی بھارت نے پاکستان کو زیر کیا تھا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ جواب میں بھارت نے ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ صائم ایوب اور محمد نواز نے 21، 21 رنز بنائے۔ بھارت کے شیوم دوبے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کلدیپ یادیو اور ہاردک پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے 74 اور شبمن گل نے 47 رنز کی اننگز کھیل کر بنیاد فراہم کی، جب کہ تلک ورما نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے فتح یقینی بنائی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو، جب کہ فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی بولنگ اور فیلڈنگ کے کمزور مظاہرے نے بھارتی بلے بازوں کو بھرپور موقع فراہم کیا اور یوں بھارت نے 7 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔
.jpg)