بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پرکاش راج نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے معصوم انسانوں کے جانی نقصان پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے پر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے منجھے ہوئے اداکار پرکاش راج نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے ایک اجتماع میں شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے فلسطین کا عالمی شہرت یافتہ رومال اپنے کندھے پر رکھا جو غزہ میں صیہونی ریاست کے خلاف مزاحمت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اداکار پرکاش راج کا کہنا تھا کہ جب دنیا میں کہیں بھی انسانیت لہولہان ہو رہی ہو تو ایسے وقت میں خاموشی بھی جرم بن جاتی ہے اور مودی اسی جرم کے مرتکب ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مودی جی دنیا کو وِشو گرو بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن جب بے گناہ بچے، عورتیں اور بوڑھے غزہ میں قتل ہو رہے ہیں تو ان کی زبان کیوں بند ہے؟
پرکاش راج نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا ذمہ دار صرف اسرائیل نہیں بلکہ امریکا بھی اس ظلم میں شریک ہے۔
انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت کی موجودہ حکومت نے بھی اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
پرکاش راج نے کہا کہ ایک فنکار اور ایک شہری کی حیثیت سے فلسطینی عوام کی جدوجہد اور دکھ درد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اداکار پرکاش راج کا مزید کہنا تھا کہ فنکاروں کی اصل ذمہ داری صرف پردے پر کردار نبھانا نہیں بلکہ سچ بولنا اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی ہے۔