پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں بدھ کے روز منعقدہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک نئی آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئی راکٹ فورس کمانڈ کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا، جو پاکستان کی روایتی جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گی۔
انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔
تاہم خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایک سینئر سکیورٹی عہدیدار نے کہا کہ یہ فورس فوج میں اپنا الگ کمانڈ رکھے گی جو کسی روایتی جنگ کی صورت میں میزائلوں کی تعیناتی اور ان کے استعمال کو سنبھالنے کے لیے مخصوص ہو گی۔
انہوں نے کہا، ’’یہ ظاہر ہے کہ اس کا مقصد بھارت ہے۔‘‘
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت جارحیت کے لیے نہیں بلکہ بھارت کے ساتھ اسٹریٹجک توازن قائم رکھنے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا،’’ہم واحد ایٹمی طاقت رکھنے والے اسلامی ملک ہیں اور مسلم اُمہ ہم سے امید رکھتی ہے۔‘‘
شہباز شریف نے بھارتی ’جارحیت‘ کے خلاف پاکستانی افواج کی مربوط اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا، ’’بھارت بھول گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ قوم کے جذبے سے جیتی جاتی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شکست بھارت کو ایک ایسا سبق دے گئی جو وہ کبھی نہیں بھولے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ فوجی تصادم کا نتیجہ تین سے چار دن میں پاکستان کی فیصلہ کن فتح کی صورت میں نکلا۔
مزید تفصیلات کے لیے لنک کمنٹس میں موجود ہے۔
.jpg)
