پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ طورخم سرحد آج دسویں روز بھی بند ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق، پاکستانی عملہ طورخم ٹرمینل پر تعینات کر دیا گیا ہے اور کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے اسکینرز بھی نصب کر دیے گئے ہیں، تاہم آمدورفت تاحال معطل ہے۔
سرحدی بندش کے باعث علاقے میں کارگو گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جس سے تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ افغان کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ افغان سائیڈ پر بھی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ گزرگاہ کھلنے کے بعد کلیئرنس کا عمل فوری طور پر بحال کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ طورخم تجارتی راستہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا، اور اس کے بعد سے یہ سرحد ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے۔