پاکستانی بحریہ نے بحیرہ عرب میں اربوں روپے کی منشیات ضبط کر لیں
سی ایم ایف کے بیان کے مطابق، پاکستانی بحریہ کے عملے نے گزشتہ ہفتے 48 گھنٹوں کے اندر دو مختلف کشتیوں کو روکا اور کئی ٹن کرسٹل میتھ ایمفیٹامین کے ساتھ ساتھ معمولی مقدار میں کوکین قبضے میں لی۔ ضبط شدہ کشتیوں کی قومیت کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
سی ایم ایف ٹاسک فورس کے کمانڈر، رائل سعودی نیول فورسز کموڈور فہد الجوید نے اس کارروائی کو "سب سے کامیاب منشیات ضبطی" قرار دیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی سی ایم ایف کو سوشل میڈیا پر مبارکباد دی۔
کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ایک بین الاقوامی بحری شراکت داری ہے جو 32 لاکھ مربع میل بین الاقوامی پانیوں میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دیتی ہے۔ اس کے صدر دفتر بحرین میں واقع ہے اور اس کی کمانڈ یو ایس نیوی کے وائس ایڈمرل کے پاس ہے۔ 47 رکن ممالک پر مشتمل اس اتحاد کا مقصد اہم شپنگ لینز کی حفاظت کے ساتھ دہشت گردی، بحری قزاقی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔