اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں القادر ٹرسٹ ریفرنس سے منسلک ایک جائیداد کی نیلامی کی گئی ہے جو کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے صاحبزادے علی ریاض ملک کے نام پر تھی۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں القادر ٹرسٹ ریفرنس سے منسلک ایک جائیداد کی نیلامی کی گئی ہے جو کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے صاحبزادے علی ریاض ملک کے نام پر تھی۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس نیلامی میں ملزم علی ریاض ملک کی موضع موہڑہ نور اسلام آباد کی 405 کنال اراضی 34 لاکھ 20 ہزار روپے کنال پر فروخت کی گئی۔ جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ملزم فرح گوگی کی زمین 248 کنال اراضی پر کوئی بولی نہیں لگی۔
ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کے مطابق اس نیلامی میں صرف دو خریداروں نے حصہ لیا۔ اہلکار نے بتایا ہے کہ فرح گوگی کے نام پر جو اراضی تھی اس میں ’کسی نے دلچسپی ظاہر نہیں کی‘ جبکہ علی ریاض کی زمین تھی ایک خریدار نے ’چونتیس لاکھ بیس ہزار فی کنال کے حساب سے خریدی ہے۔‘
اہلکار سے جب خریدار کا نام پوچھا گیا تو انھوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاوہ فرح گوگی اور علی ریاض بھی ملزم تھے جنھیں عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
اسلام آباد کے اسسنٹ کمشنر سیکرٹریٹ کی جانب سے مختلف اخبارات میں دیے گیے اشتہار کے مطابق اسلام آباد کے موضع موہڑہ نور میں ساڑھے چھ سو کنال اراضی کو عدالتی حکم پر آج نیلام کیا جانا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ عزیر علی خان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ نیلامی کا یہ عمل یونین کونسل بہارہ کہو میں ہوا۔
اسلام آباد کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ ’یہ جائیداد پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے فرح شہزادی کے نام منتقل کی تھی اور اس کے بینیفشری عمران خان تھے۔‘ اہلکار کے مطابق یہ زرعی زمین عمران خان کی بنی گالہ والی رہائش گاہ سے کچھ فاصلے پر موہڑہ نور کی حدود میں واقع ہے۔
اس اشتہار میں اس بات کا ذکر کیا گیا تھا کہ جو کوئی بھی خریدار اس اراضی کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے تو وہ قومی احتسباب بیورو یعنی نیب کے چیئرمین کے نام 50 لاکھ روپے کا پے آرڈر بنوا کر جمع کروائے۔
اس اشتہار میں یہ بھی کہا گیا کہ اس اراضی کی نیلامی کے لیے 30 مئی اور 7 اگست کو بھی اخبارات میں اشتہار دیے گیے تھے۔ اس اشتہار میں نیلام ہونے والی اس زمین کی مالیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
نیب کے اہلکار کے مطابق یہ اراضی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس یا 190 میلن پاونڈ کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد نیلام کی جا رہی ہے۔
اس مقدمے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اس سال سابق وزیر اعظم عمران خان کو 14 سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ ان کی اہلیہ بشری بی بی کو اسی مقدمے میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
.jpg)
